سبھی اراکین کو بھرپورمواقع دیں گے :برلا

   

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل یقین دلایا کہ وہ اراکین کو مفاد عامہ کے مسائل پر اپنے خیالات پیش کرنے کا مناسب موقع دیں گے ۔ برلا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ‘‘لوک سبھا کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہوگا۔ توقع ہے کہ تمام پارٹیاں ایوان کے منظم کام کاج میں تعاون کریں گی۔ امید ہے کہ تمام ممبران اجتماعی سوچ کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ میری یہ بھی کوشش رہے گی کہ ممبران کو اپنی رائے پیش کرنے کے وافر مواقع ملیں۔پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 7 دسمبر سے 29 دسمبر تک 23 دن چلے گا، جس میں کل 17 اجلاس ہوں گے ۔ کل لوک سبھا میں ایوان کے ڈپٹی لیڈر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی زیر صدارت کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن لیڈروں نے قیمتوں میں اضافہ، سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال، ہندوستان-چین سرحد سمیت مختلف مسائل پر حکومت کو گھیرنے کا اشارہ دیا۔ حکومت کی جانب سے پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے یقین دلایا کہ حکومت ہر مسئلہ پر بات چیت کے لیے تیار ہے اور بحث پارلیمانی طرز عمل، قواعد اور نظم و ضبط کے ساتھ ہونی چاہیے ۔