محبوب نگر میں اُگادی تقریب کا انعقاد ، رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اُگادی تہوار محبوب نگر کے عوام کیلئے خوشحالی لائے ۔ تمام شعبوں میں ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کی روشنی سے محبوب نگر منور ہوتا رہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا ۔ وہ آج اگادی تہوار کی مناسبت سے شلپارامم میں میونسپل کارپوریشن محبوب نگر کی جانب سے منعقدہ اگادی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے شمع روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ نیاسال محبوب نگر کے عوام کیلئے خوشیوں بھرا سال رہے گا۔ تمام کی امیدیں اور خواہشات کی تکمیل ہوں گی ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ محبوب نگر میں کسی بھی مذہب کے تہوار کی تقریبات تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر بھائی چارگی کے ساتھ منائیں ۔ کامیابی اور شہرت محبوب نگر کے عوام کا مقدر ہو ۔ انہوں نے خواہش کی کہ دسویں جماعت اور انٹر کے طلباء بہترین اعلی نتائج حاصل کریں ۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کی شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر ٹی ایم ایف سی چیرمین عبیداللہ کوتوال ، لائبریز چیرمین نرسمہا ریڈی ، موڈا چیرمین لکشمن یادو ، مارکٹ کمیٹی چیرمین بیکری انیتا ، نامور قانون داں و ٹی پی سی سی سکریٹری این پی وینکٹیش ، سنجیو مدیراج ، آنند گوڑ ، میونسپل کمشنر مہیشور ریڈی قائدین ، کارکنان و سابق میونسپل کونسلرس موجود تھے ۔