ائمہ ومؤذنین میں راشن کٹس کی تقسیم، سابق رکن اسمبلی چنتا پربھاکر کا خطاب
سنگاریڈی19؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پر بھاکر کے ہا تھوں آج دفتر بلدیہ سنگاریڈی میں ماہ رمضان المبارک اور لاک ڈائون کے پیش نظر شہر سنگاریڈی کے 45 مساجدکے آئمہ و موذنین اور خا دمین میں مختلف اشیائے خوردو نوش پر مشتمل 100 ’’راشن کٹس ‘‘ کے علاوہ مالی امداد کی تقسیم عمل میں آئی۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی چنتا پر بھاکر نے عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سنگاریڈی ٹائون کے تقریباً 100 آئمہ و موذنین اور خا دمین میں راشن کٹس کی تقسیم اوران کی مالی امدادایک خوش آئند بات ہے ۔وزیر اعلی کے ۔ چندرا شیکھر رائو گنگاجمنا تہذیب کے علمبردار ہیں حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وائر س کی روک تھام کیلئے لاک ڈائون اور احتیاطی اقدامات و تد ا بیر مثالی ہیں۔ وزیر اعلی کے ۔ چندرا شیکھر رائو کی جانب سے عوام کی بھلائی کیلئے کئی ایک راحتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کورونا وائرس عالمی سطح پر قہر بر پا کئے ہوئے ہے لہذا عوام کو چا ہیے کہ وہ اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ بلا کسی ضرورت کے باہر نا نکلیں ۔ ماسک کا استعمال لا زمی طور پر کریں۔سماجی فا صلہ برقرار رکھیں۔موجودہ حالات کے پیش نظر آئمہ و مو ذنین اور خادمین میں ’’ راشن کٹس ‘‘ کی تقسیم اور ان کی مالی امداد وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے ۔محمد سہیل علی رکن بلدیہ نے کہا کہ سابق رکن اسمبلی چنتا پر بھا کر کی نمائندگی پر آئمہ وموذنین کی ایک ماہ کی تنخواہ کی اجرائی عمل میں آئی۔چیرمین بلدیہ سنگاریڈی بی وجئے لکشمی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر بلدیہ کمشنر شرتھ چندرا ‘ حبیب رسول شکیل ‘ مسعود بن عبداللہ بصراوی ڈائرکٹر مارکٹ کمیٹی ‘بی۔ روی ‘ وینکٹیشور لو ‘ جالندھر ‘ محمد عثمان ‘ نر سملو‘ محمد عظیم ‘ غلام اقبال ‘ محمد محبوب ‘ پردیپ ‘ محمد یونس کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔
