سبیتا اندرا ریڈی کی فرزند کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان

,

   

حیدرآباد 10 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں اصل اپوزیشن جماعت کانگریس کو ایک کے بعد دیگر ے جھٹکے لگتے جا رہے ہیں۔ یہ در اصل برسر اقتدار ٹی آر ایس کے آپریشن آکرش کا نتیجہ ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے بعد کچھ ارکان اسمبلی پہلے ہی کانگریس چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں۔ اب پارٹی کو تازہ جھٹکا لگ سکتا ہے جبکہ کہا جا رہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ ( متحدہ آندھرا پردیش ) پی سبیتا اندرا ریڈی اپنے فرزند پی کارتک ریڈی کے ساتھ ٹی آر ایس میں شامل ہوسکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ماں بیٹے نے آج ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راو سے ایم پی حیدرآباد کی قیامگاہ پر ملاقات کی ہے جنہوں نے کے ٹی آر اور سبیتا اندرا ریڈی میں معاملت کروانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ باخبر ذرائع کے بموجب ٹی آر ایس پارٹی نے سبیتا اندرا ریڈی کو آئندہ کابینی توسیع میں وزارت کا وعدہ کیا ہے اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ان کے فرزند کارتک ریڈی کو لوک سبھا انتخابات میں چیوڑلہ حلقہ سے ٹکٹ دیا جائیگا ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سبیتا اندرا ریڈی ایک یا دو دن میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے اس سلسلہ میں ملاقات کرسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ کانگریس کے تین ارکان اسمبلی اے سکو ‘ ریگا کانتا راو اور سی ایچ لنگیا نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ کانگریس پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونگے ۔ سبیتا اندر ا ریڈی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس ٹکٹ پر مہیشورم حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ان کے فرزند کارتک ریڈی کو ٹکٹ نہ ملنے پر وہ ناراض تھیں۔