سبیتا اندرا ریڈی کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

   

ٹی آر ایس میں شمولیت پر بات چیت، منحرف ارکان کی تعداد 5 ہوگئی
حیدرآباد ۔ 13۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کی رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی نے آخرکار پارٹی سے انحراف کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سبیتا اندرا ریڈی نے اپنے فرزند کارتک ریڈی کے ہمراہ پرگتی بھون پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی اور ٹی آر ایس میں شمولیت کے مسئلہ پر بات چیت کی ۔ چیف منسٹر نے پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا جائے گا ۔ لوک سبھا انتخابات کے پس منظر میں چیوڑ لہ لوک سبھا نشست پر ٹی آر ایس کی کامیابی کیلئے سبیتا اندرا ریڈی کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس لوک سبھا حلقہ میں مہیشورم اسمبلی حلقہ آتا ہے جہاں سے سبیتا اندرا ریڈی منتخب ہوئیں۔ کانگریس ہائی کمان سے اختلافات اور بالخصوص چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے کارتک ریڈی کو ٹکٹ سے انکار سے ناراض ہوکر سبیتا اندرا ریڈی نے انحراف کا فیصلہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے دوسرے ہی دن انہوں نے کے ٹی آر اور کویتا سے ملاقات کی تھی ۔ ٹی آر ایس میں شمولیت کی ترغیب دینے میں ٹی آر ایس کی حلیف جماعت مجلس کی قیادت کا اہم رول بتایا جاتا ہے ۔ ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد انہیں وزارت میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اندرا ریڈی کے انحراف کے بعد کانگریس کے منحرف ارکان کی تعداد بڑھ کر 5 ہوگئی ہے ۔ دوسری طرف سبیتا اندرا ریڈی کے کانگریس میں برقرار رکھنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ راہول گاندھی نے آج ملاقات کیلئے انہیں دہلی طلب کیا تھا لیکن سبیتا اندرا ریڈی نے جانے سے انکار کر دیا۔