سبیتا ریڈی کا وقار آباد کلکٹریٹ کامپلکس کا معائنہ ‘ عنقریب افتتاح

   


حیدرآباد: وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے وقار آباد میں انٹیگریٹیڈ کلکٹوریٹ کامپلکس کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد چیف منسٹر نے ہر ضلع میں نئے کلکٹریٹ کی تعمیر کو منظوری دی ۔ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ہر شعبہ میں ترقی کی منزلیں طئے کر رہا ہے۔ وقار آباد ضلع کلکٹریٹ کی نئی عمارت کا کے سی آر جلد افتتاح کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں ، منڈلوں اور ریونیو ڈیویژن کی سطح پر سرکاری دفاتر کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے حکومت دفاتر کو ایک چھت تلے لانے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقار آباد کلکٹوریٹ کی تعمیر کا کام اختتامی مراحل میں ہے اور جلد افتتاح کی تاریخ طئے کی جائیگی ۔ وزیر تعلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کامپلکس کے اطراف شجرکاری اور صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے سر سبز و شاداب ماحول کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ہریتا ہرم پر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ارکان مقننہ ڈاکٹر ایم آنند ، پائلٹ روہت ریڈی ، کے مہیش ریڈی ، وانی دیوی ، کلکٹر پی باسو اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔