سب انسپکٹر بالکنڈہ کے خلاف کمشنر نظام آباد سائی چیتنیہ سے نمائندگی

   

مسلم شخص کی پٹائی پر کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔6 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بالکنڈہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر شیلندر کی جانب سے ایک مسلم شخص کی بری طرح مار پیٹ کے خلاف نظام آباد کے مسلمانوں میں بے چینی دیکھی جارہی ہے ۔ آل انڈیا قومی تنظیم نظام آباد زون کے صدر سمیر احمد نے کمشنر پولیس نظام آباد سائی چیتنیہ سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کرتے ہوئے سب انسپکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ سب انسپکٹر بالکنڈہ نے ایم اے عرفان خاں نامی شخص کو حراست میں لیتے ہوئے مناسب جانچ کے بغیر ہی بری طرح مار پیٹ کی جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہوگئے۔ سب انسپکٹر پولیس کے خلاف چیف منسٹر تلنگانہ ، انسانی حقوق کمیشن ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ، پرنسپل سکریٹری ہوم ، انسپکٹر جنرل پولیس اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کو علحدہ علحدہ یادداشت روانہ کرتے ہوئے خاطی سب انسپکٹر کی معطلی کی مانگ کی گئی۔ رمضان المبارک کے دوران پولیس عہدیدار کی جانب سے مسلم شخص کی پٹائی کے واقعہ نے نظام آباد ضلع میں غم و غصہ کا ماحول پیدا کردیا ہے۔