سب انسپکٹر جوڑے کی شادی قبل ویڈیو شوٹنگ وائرل

   

اگسٹ میں شادی ہونے کے بعد ویڈیو تاخیر سے منظر عام پر آیا
حیدرآباد : /17 ستمبر (سیاست نیوز) سوشل میڈیا پر سب انسپکٹر جوڑے کی شادی سے قبل ویڈیو شوٹنگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کی ایک خاتون سب انسپکٹر بھاونا اور ریزرو سب انسپکٹر نے شادی سے قبل ویڈیو شوٹنگ کی تھی جس میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے احاطہ اور پولیس کی پٹرولنگ گاڑیوں کے منظر بھی شامل ہیں ۔ حالانکہ دونوں کی شادی اگست میں ہوچکی ہے لیکن یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دو دن قبل وائرل ہونے پر ٹوئٹر پر شہریوں نے شدید ردعمل ظاہر کرکے پولیس اسٹیشن کے احاطہ اور پولیس کی گاڑیوں کا نجی استعمال کرنے پر محکمہ پولیس کی سرزنش کی ۔ پولیس کمشنر سی وی آنند نے سب انسپکٹر جوڑے کے حق میں ردعمل ظاہر کیا ۔ سی وی آنند نے اپنے ٹوئٹر کے ذریعہ یہ بتایا کہ پولیس کی نوکری ایک چیالنجنگ جاب ہے اور خاتون پولیس عہدیدار کی محکمہ پولیس میں ملازمت ان کیلئے ایک سخت امتحان ہوتا ہے ۔ خاتون سب انسپکٹر اور اس کے ہونے والے شوہر سب انسپکٹر کا شادی سے قبل ویڈیو شوٹنگ کیلئے پولیس کی وردی پولیس اسٹیشن یا پولیس گاڑی کا استعمال کوئی غیرقانونی کام نہیں ہے لیکن ان پولیس عہدیداروں کو یہ چاہئیے تھا کہ اس شوٹنگ سے قبل وہ متعلقہ عہدیداروں سے اجازت لیتے ۔ سی وی آنند نے یہ بھی کہا کہ ویڈیو شوٹنگ کیلئے پولیس اسٹیشن اور پولیس کی وردی کا استعمال کرنے کے باوجود بھی انہوں نے شادی کی تقریب کیلئے مدعو نہیں کیا ۔ لیکن پولیس کمشنر نے دبے الفاظ میں دیگرپولیس عہدیداروں کو اس قسم کی حرکتوں سے دور رہنے کی ترغیب دی ہے ۔