عہدیداروں کے مکانات کی تلاشی، نقد رقم ضبط، درمیانی افراد کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو نے آج ریاست کے مختلف سب رجسٹرار دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ بدعنوانیوں اور رشوت خوری کے الزامات کا سامنا کررہے محکمہ اسٹامپ رجسٹریشن پر اے سی بی نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور ایک منصوبہ کے تحت اے سی بی کی 23 ٹیموں نے اچانک ریاست کے مختلف مقامات پر دھاوا کیا۔ اینٹی کرپشن بیورو ذرائع کے مطابق 13 سب رجسٹراروں کے مکانات کو تلاشی لی گئی اور نقد رقم کے علاوہ زیوارات جائیداد کے دستاویزات کو ضبط کیا گیا جن کی جانچ جاری ہے۔ گنڈی پیٹ، شیرلنگم پلی، میڑچل، نظام آباد ٹاؤن، ظہیرآباد، مریال گوڑہ، ونپرتی، منچریال، پداپلی، بھوپال پلی اور وئسرا کے سب رجسٹرار دفاتر کی جانچ کی گئی۔ اے سی بی کی جانب سے 2,51,990 روپئے نقد رقم کو ضبط کیا گیا جس کا کوئی حساب نہیں تھا۔ اس کے علاوہ اے سی بی 289 رجسٹرار دستاویزات کی نشاندہی کی۔ ان رجسٹرار دستاویزات کو ان کے متعلقہ افراد میں نہیں دیا گیا بلکہ سب رجسٹرار دفتر میں روک لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 19 خانگی درمیانی افراد اور 60 ڈاکومنٹ رائٹرس کی نشاندہی کی گئی جو سب رجسٹرار دفاتر کی سرگرمیوں میں دکھائی دے رہے تھے۔ کئی دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے غیرکارکرد پائے گئے جو لاپرواہی اور مبینہ طور پر سازش کا حصہ تصور کیا جارہا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے آج کی گئی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی ہے۔ع