سب کا ساتھ ملک کو چلانے ضروری، سی اے اے پر راہول کا طنز

,

   

رائے پور ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ’’بگڑتی‘‘ معیشت کے بارے میں مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ سماج کے ہر طبقہ کو ساتھ لئے بغیر ملک کو نہیں چلایا جاسکتا ہے۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) کے تعلق سے حکومت پر درپردہ لفظی حملے میں راہول نے یہ بھی کہا کہ عوام کو آپس میں لڑاتے ہوئے کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔وہ یہاں سائنس کالج گراؤنڈ میں منعقدہ سہ روزہ ’نیشنل ٹرائبل ڈانس فسٹیول 2019‘ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ انھوں نے ظاہر طور پر سی اے اے اور این آر سی کے حوالے سے کہا کہ کیا آپ ملک کی حالت جانتے ہو۔ دیگر ریاستوں میں کیا کچھ ہورہا ہے۔ ’’آپ سب کسانوں کی خودکشی، معیشت کی بگڑتی حالت اور بیروزگاری کے مسائل سے واقف ہو۔ ان سب کا اعادہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن میں آپ سے کہنا چاہوں گا کہ ہر مذہب، ہر ذات، قبائلیوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ساتھ لئے بغیر اس ملک کی معیشت نہیں چلائی جاسکتی ہے۔‘‘ راہول نے کہا: ’’آپ (مرکزی حکومت) جو کرنا چاہیں کریں، لیکن جب تک آپ (تمام) لوگوں کو ساتھ نہیں لوگے اور ملک کو متحد نہیں کروگے، آپ بیروزگاری اور معیشت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کچھ نہیں کرسکتے۔ توڑنے سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ (مرکز) ساری رقم ملک کے محض 10-15 اشخاص کو دیتے ہو، نوٹ بندی اور غیرمنصفانہ جی ایس ٹی پر عمل کرتے ہو، تو نہ ملازمت پیدا ہوگی اور نہ ہی معیشت مضبوط ہوسکتی ہے۔ راہول نے کہا کہ این آر سی، این پی آر (نیشنل پاپولیشن رجسٹر) نوٹ بندی کی طرح غریبوں پر حملہ ہے۔