ستارخان کے خلاف آدھار تحقیقات ملتوی

   

۔2018 سے سی سی ایس میں مقدمہ زیر التواء ہونے کی اطلاع
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز)
UIDAI
کی جانب سے شہریت ثابت کرنے نوٹس حاصل کرنے والے تالاب کٹہ کے ساکن ستار خان کے خلاف سی سی ایس میں ایک مقدمہ زیرالتواء ہے۔ تفصیلات کے مطابق کنچن باغ پولیس نے 2 جنوری 2018 ء کو میانمار کے باشندہ نذرالاسلام ساکن روشن الدولہ کالونی بالاپور کو فرضی ووٹر آئی ڈی اور آدھار کارڈ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پولیس کا الزام ہے کہ نذرالاسلام نے اپنی بیوی پروین کا بھی فرضی آدھار کارڈ تیار کیا اور اُس کی مدد سے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کیا۔ پاسپورٹ حصول کیلئے میانمار کے جوڑے نے مبینہ طور پر تالاب کٹہ کے ستار خان جو مالک مکان بتایا جاتا ہے کی مدد حاصل کی تھی۔ بعدازاں کیس کو سی سی ایس کے حوالہ کردیا گیا۔ یہ مقدمہ زیرالتوا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ یو آئی ڈی اے آئی حکام نے ستار خان کو ایک نوٹس جاری کی تھی جس میں اُن کی شہریت کو ثابت کرنے 20 فروری کو حکام کے روبرو حاضر ہونے ہدایت دی تھی لیکن آدھار کارڈ کی تحقیقات کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ اِس سلسلہ میں ستار خان کے وکیل محمد مظفر اللہ خان شفاعت نے کہاکہ اُن کے موکل کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور یو آئی ڈی اے آئی کی نوٹس غیر قانونی و غیر دستوری ہے کیونکہ آدھار کارڈ انتظامیہ کو کسی بھی شہری کی شہریت کے بارے میں دریافت کرنے کا اختیار نہیں ہے اور نہ ہی اِس ادارہ کے دائرہ کار میں یہ بات آتی ہے۔