آن لائن خدمات میں اضافہ، کمپنیوں نے حکمت عملی کی تیاری شروع کردی
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں آئندہ چند ماہ کے دوران عید اور تہواروں کے دوران تجارتی سرگرمیوں میں غیرمعمولی اضافہ کا امکان ہے۔ کمپنیوں کی جانب سے اپنے اسٹاک کے کلیئرنس اور فیسٹیول آفرس کے ذریعہ بمپر شاپنگ سیزن کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ شاپنگ کی سرگرمیوں میں اضافہ کے نتیجہ میں عارضی طور پر ملازمین اور ورکرس کے تقررات میں بھی اضافہ ہوگا۔ کنزیومر ای کامرس اور دیگر ادارے اپنی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے اسٹاف کی تلاش میں ہیں تاکہ شخصی طور پر شاپنگ کے علاوہ گاہکوں کو آرڈر پر اشیاء گھر تک پہونچائی جاسکے۔ امیزان، زوماٹو، زپٹو، ڈیلیوری اور دیگر کمپنیوں نے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ملک میں آن لائن شاپنگ کے رجحان میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں کو زائد اسٹاف کی ضرورت پیش آئے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر سال 20 فیصد آن لائن سرگرمیوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ ستمبر سے فیسٹیول سیزن کا ملک بھر میں آغاز ہوگا۔ سیزن کے اعتبار سے کمپنیاں اسٹاف کا عارضی طور پر انتخاب کریں گی اور شہروں کے اعتبار سے سہولتیں حاصل رہیں گی۔ امیزان اور فلپ کارٹ نے گزشتہ سال فیسٹیول سیزن میں ایک لاکھ سے زائد ورکرس کی خدمات حاصل کی تھیں۔ گنیش چتورتھی سے سیزن کا آغاز ہوگا جو اگست کے اختتام میں شروع ہوگا۔ دیپاولی کا تہوار ڈسمبر میں رہے گا، اِس دوران 3 ماہ تک شاپنگ فیسٹیول کے عروج پر رہنے کا امکان ہے۔ ڈیلیوری کمپنیوں کے مطابق اپریل تا جون کے مقابلہ 80 فیصد سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔ تجارتی کمپنیوں کو اُمید ہے کہ ملک میں گزشتہ سال کے مقابلہ فیسٹیول سیزن معاشی ترقی کی راہ میں مددگار ثابت ہوگا۔1