دلت بندھو پر عمل آوری کا ایکشن پلان، بی سی اور
ایس ٹی طبقات کو مطمئن کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ستمبر میں اسمبلی کے خصوصی اجلاس کی طلبی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اجلاس میں چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم پر عمل کے منصوبہ کا اعلان کریں گے۔ اس کے علاوہ بی سی ، ایس ٹی طبقات اور اقلیتوں کیلئے اسی طرح کی معاشی امداد پر مشتمل اسکیمات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اسکیم پر عمل آوری کیلئے درکار 1.7 لاکھ کروڑ کے حصول کے منصوبہ سے ارکان اسمبلی کو واقف کرائیں گے اور اپوزیشن کی رائے لی جائیگی۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر وسط ستمبر یا اواخر میں دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کرسکتے ہیں۔ حکومت کیلئے دستوری اعتبار سے پابندی ہے کہ وہ 26 ستمبر سے قبل اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کرے۔ ہر چھ ماہ میں ایک بار اجلاس ضروری ہے۔ گزشتہ مارچ میں بجٹ اجلاس منعقد ہوا تھا جو 26 مارچ کو اختتام پذیر ہوا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم کو قانونی حیثیت دلانے کیلئے قانون سازی کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ اسکیم پر عمل آوری مستقبل میں بھی حکومتوں کیلئے لازمی رہے۔ کسی بھی اسکیم کو قانونی شکل دینے کے بعد کوئی بھی حکومت صرف قانون سازی کے ذریعہ اسے روک سکتی ہے۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں منعقدہ پارٹی کی عاملہ کے اجلاس میں ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کیلئے دلت بندھو کی طرز پر مالی امداد کی اسکیمات شروع کرنے کا اشارہ دیا تھا۔ اسمبلی اور کونسل میں دلت بندھو اسکیم پر مباحث کے ذریعہ معاشی طور پر پسماندہ دلت خاندانوں کو خوشحال بنانے کے منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر میں اسکیم پر عمل آوری کیلئے 1.7 لاکھ کروڑ کی ضرورت ہے اور حکومت کیلئے اس قدر رقم کا صرف ایک اسکیم کیلئے انتظام کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔R