ستمبر میں مسافر بردار گاڑیوں کی فروخت میں کمی

   

نئی دہلی 18 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آٹوموبائیل ڈیلرس کے ادارہ FADA نے آج کہا کہ ماہ ستمبر میں مسافر بردار گاڑیوں کی ریٹیل فروخت میں 20.1 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ گذشتہ سال تہوار کے سیزن میں اس فروخت میں اضافہ ہوا تھا تاہم اس سال یہ تعداد گھٹ گئی ہے حالانکہ ریٹیل فروخت میں اضافہ کو یقینی بنانے کیلئے کئی طرح کے ڈسکاونٹس کا اعلان بھی کیا گیا تھا ۔فیڈریشن اف آٹو موبائیل ڈیلرس اسوسی ایشن کے مطابق مسافر بردار گاڑیوں کی جملہ 1,97,653 تعداد میں فروخت ہوئی ہے ۔ اسوسی ایشن نے بتایا کہ ٹو وہیلر گاڑیوں کی فروخت میں 12.1 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ اس بار 10,98,271 گاڑیاں ہی فروخت ہوسکی ہیں۔ کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں 18.5 فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔ تاہم سہ پہئیہ گاڑیوں کی فروخت میں صرف 1.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ سال گذشتہ یہ تعداد 54,560 تھی جبکہ اس سال 55,553 گاڑیاں فروخت ہوسکی ہیں۔ اسوسی ایشن کے صدر آشیش ہشا راج کالے نے کہا کہ ریٹیل فروخت میں ماہ ستمبر کے دوران گراوٹ درج کی گئی ہے اور جو کمی ہے وہ توقعات کے مطابق ہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جو مثبت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ان کا ابھی کوئی اثر دیکھا نہیں گیا ہے ۔