ستمبر میں کورونانے اختیارکی خوفناک شکل

   

نئی دہلی : ملک میں عالمی وبا کووڈ 19 کا قہر مسلسل بڑھتا جارہا ہے اور ستمبر میں وبا نے خوفناک شکل اختیار کی ۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 86 ہزار نئے کیسزسے مریضوں کی مجموعی تعداد 63لاکھ 12ہزار 585تک پہنچ گئی۔اس دوران مزید 1181مریضوں کی کورونا سے موت ہو گئی ۔ اس مہلک وبا سے مجموعی طور پر 98 ہزار 678 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ ملک میں کورونا کے ایکٹوکیسز کی تعداد 9لاکھ 40ہزار 705ہے جبکہ 52لاکھ 73 ہزار 202افراد نے اس وائرس کو شکست دی ہے ۔ملک میں ستمبر میں کورونا وائرس نے قہر برپا کیا ۔ اس ماہ میں 33ہزار 255مریضوں کی اس وبا سے موت ہو گئی ۔ اگست میں 28ہزار 859افراد جاں بحق ہو گئے ۔جولائی میں مرنے والوں کی تعداد 19ہزار 122تھی تو جون میں 11،988 تھی جبکہ مئی میں 4267 افراد لقمہ اجل بنے تھے ۔ کورونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات میں سے 50 فیصد سے زیادہ یعنی 55 ہزار 46 افراد کی موت تین ریاستوں مہاراشٹر ، تمل ناڈو اورکرناٹک میں ہوئی ہیں ۔ کورونا سے سب سے زائد مہاراشٹرا میں اب تک 36662 ، تمل ناڈو میں کورونا سے 9520 اور کرناٹک میں 8864 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا ۔ اس کے بعد انفیکشن کے کیسزدن بدن بڑھتے گئے ۔ صرف ستمبر میں 26 لاکھ 24 ہزار 179 کیسز سامنے آئے ۔ اگست میں یہ تعداد 19 لاکھ 87 ہزار 705 تھی۔کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں صحت یابی کی شرح 83.53 فیصد ہے ، جبکہ شرح اموات 1.56 فیصد ہے ۔