ییوسو (جنوبی کوریا)۔ ستوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی نے ہفتہ کو یہاں سیمی فائنل میں چین کے لیانگ وائی کینگ / وانگ چانگ کو 21-15، 24-22 سے شکست دے کر کوریا اوپن 2023 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ یہ ستوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی تین ملاقاتوں میں دنیا کی نمبر 2 چینی جوڑی پر پہلی جیت تھی۔ لیانگ ویکینگ اور وانگ چانگ نے اس سال کے شروع میں آل انگلینڈ اوپن اور ملائیشیا اوپن میں ہندوستانیوں سے بہتر مقابلہ کیا۔کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ستوک اور چراغ کی جوڑی پہلے ہی 2023 کے بی ڈبلو ایف ورلڈ ٹور پر سوئس اور انڈونیشیا اوپن خطاب جیت چکی ہے۔کوریا اوپن کے فائنل میں ان کا مقابلہ اتوارکو انڈونیشیا کے ٹاپ سیڈ فجر الفیان اور محمد ریان آرڈینٹو اور جمہوریہ کوریا کے کانگ من ہیوک اور سیو سیونگ جے کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ بی ڈبلیو ایف سوپر 500 ٹورنمنٹ میں یہ ہندوستانی جوڑی کی تیسری شرکت ہوگی جس نے 2019 تھائی لینڈ اوپن اور 2022 انڈیا اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ان کا سال کا تیسرا فائنل بھی ہے۔