میدک، 6 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک بار اسوسی ایشن کے صدر مارکنٹی رامولو نے کہا کہ پاپنا پیٹ کے سب انسپکٹر کی جانب سے وکیل ستییش پر ہاتھ اُٹھانا نہایت قابل مذمت اور افسوسناک اقدام ہے۔ جمعرات کے دن وکیل ستییش پر پاپنا پیٹ کے سب انسپکٹر سارا سرینواس گوڑ کی مبینہ دست درازی کے خلاف میدک بار اسوسی ایشن کی قیادت میں ضلع میدک کورٹ کے باب الداخلہ کے روبرو وکلاء نے احتجاج منظم کیا۔ اس موقع پر بار اسوسی ایشن کے صدر مارکنٹی رامولو نے کہا کہ اپنے ساتھ پیش آئے ایک سڑک حادثہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کروانے کے لئے پولیس اسٹیشن گئے اپنے ساتھی وکیل کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے ان پر ہاتھ اُٹھانا سخت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضلع ایس پی فوری مداخلت نہیں کرتے تو ریاستی سطح پر ڈی جی پی اور آئی جی سے رجوع ہو کر پاپن پیٹ کے سب انسپکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس احتجاج میں وکلاء جناردھن ریڈی،شیخ فضل احمد، جیون راؤ، رویندر، وینکٹیشم، رام شرما اور دیگر شریک تھے۔