گلبرگہ۔31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بہمنی فاؤنڈیشن قلعہ گلبرگہ کے صدر قاضی رضوان الرحمن مشہود کی صدارت میں 10ویں جشن رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں مختلف تعلیمی و ادبی مقابلوں میں کامیاب طلبہ و طالبات کے لئے اور مختلف شعبہ ہائے حیات میں نمایاں کارنامے انجام دینے والی شخصیات کو کارنامہ حیات ایوارڈ اور گلبرگہ انمول رتن ایوارڈ تفویض تقریب کا 29 دسمبر 2024 بروز اتوار دوپہر نیشنل یجوکیشن سوسائٹی گلبرگہ کے آڈیٹویم میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پرمسیحی برادری کے بشپ مراندا نے اقلیتوں کو متحد ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو متحد کرنے کا کاردشوار حضرت سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ اپنے اسلاب کی روایت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بخوبی انجام دے رہے ہیں ۔حضرت سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ وہ خود پر قابو رکھیں۔ نوجوانوں کو نفس کی صفائی پر دھیان دینے کی ہدایت دی ۔ نفس کو قابو کرنے کا مطلب بصری ، فکری اور لسانی ذرائع کو قابو میں رکھنا ہے ۔ اللہ پاک اور اس کے رسول ﷺ بھی یہی حکم دیتے ہیں ۔ انھوں نے بچوں کو تلقین کی کہ آپ ہر روز یہ سوچ کر اپنے دن کی شروعات کریں کہ میں کوئی ایسا کام کروں کہ اللہ پاک اور اُس کے رسول ﷺ خوش و راضی ہوجائیں۔ ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے بچوں کے ہاتھوں میں موبائیل فون نہ دینے کی والدین سے درخواست کی۔ قبل ازیں حضرت سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ، صدر نشین خواجہ ایجوکیشن سوسائٹی اور چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کی خدمت عالیہ میں ان کی روحانی،علمی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں مینار علم و نور ایوارڈ تفویض کیا گیا۔اس موقع پر سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا جسے ڈاکٹر اطہر معز اسسٹنٹ پروفیسر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی نے پڑھنے کی سعادت حاصل۔ پروفیسر نشاط عارف حسینی ڈین فیکلٹی آف آرٹس سائنس سوشل سائنس لاء ایجوکیشن اور لینگویجز خواجہ بندہ نوازؒ یونیورسٹی گلبرگہ، جناب بسواراج اپن سینئر آرٹسٹ کو بالترتیب شعبہ تعلیم وتدریس اور آرٹ میں ان کی بیش بہا خدمات کے عوض کارنامہ حیات ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بی بی رضا ہائی اسکول کو اردو ایکسیلنس ایوارڈ، حضرت شیخ محمد حسین علیگ میموریل ایوارڈ، نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی گلبرگہ کو دیا گیا۔ محترمہ حمیرا بیگم،ایم اے اْردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ و معلمہ گلشن اطفال ہیومن ایج اسکول گلبرگہ کو گلبرگہ رائزنگ اسٹار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ گلبرگہ انمول رتن ایوارڈقبول کرنے والوں میں ڈاکٹر شیوشنکراپا کوڈلی، جناب نصرت محی الدین، ڈاکٹر قمر الزماں انعامدار، محترمہ اسماء عالم، ڈاکٹر شاہد پاشا ہ اور مبین احمد زخمؔ شامل ہیں۔ قاضی رضوان الرحمن مشہود صدر بہمنی فاؤنڈیشن نے خطبہ استقبالیہ پڑھا۔ علاء الدین محمد اکبر سکریٹری بہمنی فاؤنڈیشن قلعہ گلبرگہ نے 10 ویں جشن رحمتہ اللعالمین کے انعقاد کے سلسلے میں بہمنی فاؤنڈیشن قلعہ گلبرگہ کی سرگرمیوں پر مشتمل مفصل رپورٹ پیش کی۔ محمد یوسف سرمست نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ صدر تعمیر ملت جناب اسد علی انصاری کے علاوہ اس موقع پر طلبہ و طالبات اور ہر مکتب فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔