سجن کی صحت پر ایمس 4 ہفتے میں رپورٹ پیش کرے :سپریم کورٹ

   

نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)سال 1984کے سکھ مخالف فسادات کے ایک معاملے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تہاڑ جیل میں بند کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سجن کمار کو چہارشنبہ کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی۔سپریم کورٹ نے ان کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس)سے ان کی صحت پر چار ہفتے میں رپورٹ طلب کی ہے ۔ جسٹس ایس اے بوبڑے ،جسٹس ایس عبدالنذیر اور جسٹس کرشن مراری نے آج سجن کمار کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم دیا۔ بینچ نے ایمس کے ڈائریکٹر کو ڈاکٹروں کا ایک میڈیکل بورڈ بنانے کو کہا ہے ۔سپریم کورٹ نے ڈاکٹروں کی ٹیم کی جانچ رپورٹ چارہفتے کے اندر داخل کرنے کا حکم دیا۔ 18دسمبر کو دہلی ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے 2013کے فیصلے کو پلٹتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ کو 1984کے سکھ مخالف فسادات کے ایک معاملے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔