سخت شرائط کے ساتھ لاؤڈ اسپیکر پر اذان جمعہ کی اجازت

   

برلن۔ جرمنی کے شہر کولون میں پہلی بار نماز جمعہ کیلئے لاوڈ اسپیکر میں اذان دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ پائلٹ پراجکٹ یا ٹسٹ فیز دو سال کیلئے ہو گا لیکن اذان سے پہلے مساجد کو کئی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ جرمنی کے شہر کولون میں لاوڈ اسپیکر پر اذان دینے کے حوالے سے ایک 2سالہ پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز ہو گیا ہے۔ لاکھوں کی آبادی والے اس شہر اور اس کے مضافات کی تقریباً 35مساجد کو نماز جمعہ کیلئے اذان دینے کی اجازت ہو گی لیکن اس حوالے سے کئی شرائط بھی رکھی گئی ہیں، جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔ ہر مسجد کو اس حوالے سے ایک درخواست شہری انتظامیہ کو دینی ہو گی۔ یہ اذان صرف دن کے 12 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے کے درمیان دی جا سکے گی اور اس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 5منٹ ہو سکتا ہے۔ اذان دینے سے پہلے مسجد کی انتظامیہ کو ہمسائے میں موجود گھروں کو اطلاع فراہم کرنا ہو گی اور ایسا پمفلٹ کے ذریعہ بھی کیا جا سکتا ہے۔