ملبورن 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر نے مقامی کھلاڑی جان میلمین کے خلاف سنسنی خیز لمحات اور آسٹریلین اوپن سے باہر ہونے کے خطرہ سے خود کو محفوظ رکھا۔ اِس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے 38 سالہ فیڈرر نے کہاکہ سنسنی خیز لمحات میں کامیابی حاصل کرنے سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے اور یہی چیز مجھے اِس عمر میں بھی کھیلنے پر راغب کرتی ہے۔ 20 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن فیڈرر کو حریف کھلاڑی کے خلاف فیصلہ کن سیٹ کے ٹائی بریکر میں 4-8 کا خسارہ تھا لیکن اُنھوں نے مسلسل 6 نشانات حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ فیڈرر نے کہاکہ اِس مقابلہ میں کامیابی یقینی طور پر کافی مشکل تھی لیکن اِس نے میرے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے اور میں آئندہ مقابلوں میں اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کروں گا۔
