سدارامیا سے ہنمنت رائو کی ملاقات، بی سی گرجنا میں شرکت کی دعوت

   

حیدرآباد: 29 مئی (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے بنگلور میں چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا سے ملاقات کی اور پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ہنمنت رائو نے سدارامیا سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی اور دوسری مرتبہ چیف منسٹر کے عہدے پر فائز کئے جانے کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے آئندہ ماہ تلنگانہ میں منعقد ہونے والے بی سی گرجنا جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔ ہنمنت رائو نے بتایا کہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اس سلسلہ میں شخصی طور پر مدعو کریں گے۔ سدارامیا نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں کانگریس کے بہتر مظاہرے کے حق میں ہیں اور بی سی گرجنا میں شرکت کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کرناٹک میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کی تفصیلات سے واقف کرایا اور جس پر ہنمنت رائو نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں نوجوانوں، کسانوں اور خواتین کے لیے بعض اعلانات کئے ہیں۔ مختلف طبقات کے علیحدہ جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے ان کی تائید حاصل کی جائے گی۔ ہنمنت رائو نے سدا رامیا اور ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں کانگریس کی شاندار واپسی کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر ناصر احمد اور ٹاملناڈو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے ایس الیگیری موجود تھے۔ ر