بیلگاوی : کرناٹک کے بیلگاوی کے چکوڈی تعلقہ کے ایک گاؤں میں ایک جین سادھو کی لاش ایک کنویں میں ٹکڑوں میں کٹی ہوئی ملی۔پولیس نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔اس قتل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اتوار کو افسران کو معاملے کی مکمل جانچ کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ایک بیان میں کہا، ‘‘کسی بھی شخص کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے ۔ ہمارے حکام نے اپنی تحقیقات تیز کر دی ہیں اور کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے ۔ میں نے ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی ملزم فرار نہیں ہونا چاہئے ۔پولیس کے مطابق اس معاملے میں اب تک نارائن بسپا مادی اور حسن دلایاتھ نام کے دو ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب بسادی کے مینیجر نے 6 جولائی کو بھکشو کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔پولیس نے بتایا کہ متوفی آچاریہ شری کام کمارا نندی مہاراج گزشتہ 15 سال سے نندی پروت جین بسادی میں مقیم تھے ۔
