سدارامیا کی نریندر مودی سے مفت ٹیکہ کاری کی اپیل

,

   

ویکسین مفت دستیاب کروانے مجید میمن کا وزیراعظم کو مکتوب ،

بنگلور: کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے ہر شہری کو کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے انفیکشن کے خطرے سے نجات دلانے کے لئے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی مفت ٹیکہ کاری کرانے کی اپیل کی۔مسٹر سدارمیا نے وزیر اعظم کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ اس عالمی وبا کے پھیلنے کی وجہ سے پورے ملک کو طرح طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ اس وبا کی وجہ سے ملک کے لاکھوں لوگوں کا روزگار ختم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ اس مشکل دورمیں وطن کے باشندوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ “ٹیکے کی تیاری سے ہر ایک کو امید ملی ہے اور سب کو ویکسین فراہم کرنا ضروری ہے “۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ٹیکہ کاری کی مہم کے لئے پرائیویٹ کلینک کو 250 روپے لینے کی اجازت دینے کے مرکزی حکومت کے فیصلے سے سب کے لئے مدافعتی ٹیکے کو یقینی بنانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد سے زیادہ لوگوں کے لیے ویکسین کی لاگت برداشت کرنا مشکل ہو گا اور انہیں ٹیکے کی رسائی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد ممالک بشمول برازیل، کناڈا، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور برطانیہ نے کووڈ- 19 کی ویکسین مفت فراہم کی ہے اور یہ سب کے لئے ویکسین یقینی بنانے کا صحیح طریقہ ہے ۔ اگرچہ پرائیویٹ طبی مراکز کے ساتھ تعاون کا یہ صحیح طریقہ ہے ، لیکن مرکزی اور ریاستی حکومت دونوں کو اس کی ادائیگی کا بوجھ اٹھانا چاہئے ۔مسٹر سدارمیا نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم کا دفتر پی ایم کیئر فنڈ کے کھاتے کو عام کرنے میں ناکام رہا ہے اور پی ایم کیئرس فنڈ کے ذریعہ مفت ٹیکہ کاری فراہم کرنے میں بھی ناکام رہا ہے ۔ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب معروف قانون داں و سابق رکن پارلیمنٹ مجید میمن نے آج یہاں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوویڈ 19کی ویکسین مفت دستیاب کرائی جائے اور پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (آیشمان بھارت)کے تحت اسے پورے ملک کی عوام کو بغیر کسی قیمت دستیاب کرایاجائے ۔جے جے اسپتال میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ کوویڈ کا ٹیکہ لگانے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اگر بہار میں بی جے پی برسراقتدار آئی تو عوام میں کورونا کا مفت ٹیکہ دستیاب کرایا جائے گا ۔