نئی دہلی میں ہنمنت راؤ کی ملاقات
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا نے 10 اکٹوبر کو شاد نگر میں کانگریس پارٹی کے بی سی گرجنا جلسہ عام میں شرکت سے اتفاق کرلیا ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے آج نئی دہلی میں چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا سے ملاقات کی اور بی سی طبقات کے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی۔ گذشتہ ماہ بی سی گرجنا پروگرام بارش کے سبب ملتوی کردیا گیا تھا۔ سدا رامیا جو دوسری مرتبہ کرناٹک کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں کہا کہ ملک میں بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کی ضرورت ہے۔ کرناٹک میں ان کی حکومت بی سی طبقات کیلئے ترقیاتی منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے ہنمنت راؤ کو یقین دلایا کہ وہ بی سی گرجنا میں شرکت کے علاوہ کانگریس کی ریاستی قیادت کو بی سی طبقات کے مطالبات سے واقف کرائیں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے بی سی گرجنا کے انعقاد سے اتفاق کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے ویمنس ریزرویشن بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی نے 73 اور 74 ویں دستوری ترمیم کے ذریعہ مجالس مقامی میں خواتین کو تحفظات فراہم کئے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے ملک میں کاسٹ کی بنیاد پر مردم شماری کی تائید کی ہے۔ مرکزی حکومت کو بی سی طبقات کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کیلئے کاسٹ کی بنیاد پر مردم شماری کا اعلان کرنا چاہیئے۔ کانگریس پارٹی نے چھتیس گڑھ میں دوبارہ برسراقتدار آنے پر مردم شماری کا وعدہ کیا ہے۔