نئی دہلی۔ 20 اگست (یو این آئی) انڈیا الائنس کے ممبران پارلیمنٹ نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں نائب صدر کے امیدوار سابق جج بی سدرشن ریڈی کو مبارکباد دی اور تمام ممبران پارلیمنٹ سے ان کی جیت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انڈیا الائنس کی جانب سے کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے سدرشن ریڈی کو گلدستہ پیش کیا اور اپوزیشن کی جانب سے ان کا خیرمقدم کیا۔ کھڑگے کے علاوہ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن اتحاد کے تقریباً سبھی ارکان بشمول کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، ڈی ایم کے کے تروچی شیوا، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی مہوا ماجھی ، شیوسینا کے سنجے راوت اور دیگر شامل تھے ۔ تقریب میں سدرشن ریڈی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا، انڈیا الائنس کی تمام جماعتوں نے مشترکہ طور پر سابق جسٹس بی سدرشن ریڈی کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے ۔ اس موقع پر، میں دونوں ایوانوں کے تمام ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے اعلیٰ ترین وقار کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے سدرشن ریڈی کی حمایت کریں اور انہیں منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے گزشتہ 11 سالوں کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بہت زیادہ امتیازی سلوک کیا ہے ۔
حکمران جماعت خود پارلیمانی کام میں رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے اور اقلیتی حکومت ہونے کے باوجود عوام دشمن قوانین منظور کرانے کے لیے اکثریت کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ مانسون اجلاس میں پورے ملک نے دیکھا ہے کہ کس طرح مودی حکومت نے اپوزیشن کی شرکت کے بغیر من مانی اور عجلت میں بل پاس کیا۔