سدرن کمانڈ سنٹر کا ہیڈکوارٹر حیدرآباد منتقل کرنے چیف منسٹر کی فوجی اعلیٰ عہدیداروں درخواست

   

قومی سلامتی کے معاملہ میں مکمل تعاون کا تیقن: ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے ساتھ آج حیدرآباد کمانڈ کنٹرول سنٹر میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست تلنگانہ سے متعلق متعدد اہم امور ان کی توجہ میں لائیں۔ چیف منسٹر نے سدرن کمانڈ سنٹر کے ہیڈکوارٹر کو حیدرآباد منتقل کرنے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کرنے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں ایک سینک اسکول کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں دو سے چار سینک اسکولوں کو منظوری دی جاچکی ہے جبکہ تلنگانہ میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران ایک بھی سینک اسکول منظور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس صورتحال کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے فوری توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت قومی سلامتی سے متعلق تمام معاملات میں مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اسی جذبہ کے تحت وقار آباد میں فریکوینسی نیوی راڈار اسٹیشن کے قیام کے لئے 3000 ایکر اراضی مختص کی جاچکی ہے ۔ چیف منسٹر نے فوج اور تلنگانہ حکومت کے درمیان درپیش مسائل کو حل اور موثر تال میل کیلئے فوج کی جانب سے خصوصی عہدیداروں کو تقرر کرنے کی بھی درخواست کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسائل کا مستقل اور پائیدار حل مسلسل بات چیت اور رابطہ سے ہی ممکن ہے۔