سدھارتھ اورواشنگٹن کی شاندار بولنگ ، تمل ناڈو کامیاب

   

سورت 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اسپنروں منی مارم سدھارتھ (18 رن پر4 وکٹ) اور واشنگٹن سندر (10 رن پر 3 وکٹ) کی زبردست بولنگ کی بدولت تمل ناڈو نے جھارکھنڈ کو مشتاق علی ٹرافي ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کے سوپرلیگ گروپ بی میچ میں آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔جھارکھنڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو پوری طرح غلط ثابت ہوا اور ٹیم18.1 اوور میں محض 85 رنز پرآل آؤٹ ہو گئی۔ آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تمل ناڈو کے لیے شاہ رخ خان نے24 رنز، واشنگٹن نے ناٹ آؤٹ38 اورکپتان دنیش کارتک نے ناٹ آؤٹ13 رنز کی اننگز سے ٹیم کو13.5 اوور میں دو وکٹ پر 86 رنزبناکر جیت دلا دی۔جھارکھنڈ کے لیے صرف تین بیٹسمینس ہی دوہندسے میں پہنچ سکے جس میں اوپنر سوربھ تیواری نے سب سے زیادہ 24 رنز بنائے ۔ سمت کمار نے19 اور وویکانند تیواری نے14 رنز بنائے ۔ تمل ناڈوکی جانب سے20 سالہ واشنگٹن نے لسٹ اے کرکٹ کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوور میں10 رنز دے کر تین وکٹ لئے جبکہ سدھارتھ نے اپنی دوسری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے18 رنز پر چار وکٹ لئے ۔ آرسائ کشور اورمروگن اشون کو ایک ایک وکٹ ملی۔سوپر لیگ گروپ بی میں تمل ناڈو اب چار میچوں میں12 پوائنٹس حاصل کرکے سب سے اوپرہے جبکہ کرناٹک چار میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔