سدھا بھردواج کو ہارورڈ لا اسکول کا اعزاز

,

   

نئی دہلی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حقوق انسانی کی کارکن سدھا بھردواج کو ہارورڈ لا اسکول کی جانب سے اعزاز پیش کیا گیا ہے ۔ سدھا بھردواج کو ہندوستان میں مہاراشٹرا پولیس نے بھیما کوریگاوں کیس کے سلسلہ میںگرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا ہے ۔ بھردواج کا نام 21 افراد کی فہرست میں جاری ہے جنہیں ہارورڈ لا اسکول نے بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر اعزاز سے نوازا ہے ۔ انہیں بین الاقوامی یوم خواتین کی پورٹریٹ نمائش میں شامل رکھا گیا ہے ۔ اس نمائش کو دنیا بھر میں بہترین اور نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ تمام اعزاز پانے والوں کو ہارورڈ لا اسکول کے طلبا نے نامزد کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہر اعزاز پانے والا فرد اپنے اپنے شعبوں میں موثر آواز رکھتا ہے ۔