دہلی پولیس کے اسپیشل اسٹاف نے سدھو موسی والا قتل کیس کی سازش میں ملوث ملزمان کے جعلی پاسپورٹ بنانے کے الزام میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت راہل سرکار، نونیت پرجاپتی، ارجیت کمار، سومناتھ پرجاپتی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے ساتھ ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا ہے۔ بتادیں کہ دہلی پولیس کے خصوصی عملے کو اطلاع ملی تھی کہ لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ راہل سرکار جنوبی دہلی کے ساکیت اور ایم بی روڈ علاقے میں آنے والا ہے۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے ملزمین کی گرفتاری کے لیے ساکیت میٹرو اسٹیشن اور ایم بی روڈ کا محاصرہ شروع کر دیا۔ کچھ دیر بعد پولیس ٹیم نے ایک کار دیکھی، جس پر انہیں شبہ ہوا۔ پولیس نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن گاڑی کا ڈرائیور پولیس کی موجودگی کو دیکھ کر بھاگنے لگا۔ بعد میں پولیس ٹیم نے کار پر قابو پالیا اور کار سے ملزم راہل سرکار کو گرفتار کرلیا۔