نئی دہلی 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن نے آج کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کی ان کے کچھ ریمارکس پر سرزنش کی ہے جس میں انہوں نے مسلمانوں کو خبردار کیا تھا کہ بہار میں انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ سدھو پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر 72 گھنٹوں کیلئے امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ یہ امتناع منگل کی صبح 10 بجے سے نافذ ہوگا ۔ پنجاب کے وزیر سدھو سے قبل چیف منسٹر اترپردیش ‘ بی ایس پی سربراہ مایاوتی ‘ مرکزی وزیر منیکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان پر امتناع کے بعد یہ پابندی عائد ہوئی ہے ۔ کمیشن نے ایک حکمنامہ میں کہا کہ کمیشن سدھو کی جانب سے جاری کردہ بیان کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ کمیشن نے ان کے نامناسب رویہ پر ان کی سرزنش بھی کی ہے ۔ کمیشن نے دفعہ 324 کے تحت اور اس کے تفویض اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سدھو کے آئندہ 72 گھنٹوں تک انتخابی جلسوں ‘ ریلیوں اور روڈ شوز و انٹرویوز میں حصہ لینے پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ اس سے قبل آدتیہ ناتھ ‘ مایاوتی ‘ منیکا گاندھی اور اعظم خان پر بھی پابندی لگائی گئی تھی ۔
