سدیش لہری : غربت سے بالی ووڈ تک مشکلات اور کامیابی کا سفر

   

ممبئی : کامیڈین سدیش لہری نے اپنی زندگی کی مشکلات اور کامیابی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ ناخواندہ ہیں اور ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ جوتے بناتے اور سبزیاں بیچتے تھے۔ غربت کے باعث انہیں کئی طرح کے کام کرنے پڑے، لیکن انہوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ ’’میں نے بچپن میں بہت محنت کی۔ چائے بنائی، فیکٹریوں میں کام کیا، جوتے بنائے اور سبزیاں بیچیں۔ امیر لوگ جھوٹ نہیں بولتے، مگر غریبوں کو قرض خواہوں سے بچنے کیلئے جھوٹ بولنا پڑتا ہے۔ یہ سب میرے لیے اداکاری کی ٹریننگ جیسا تھا۔‘‘ سدیش نے ایک ایسا واقعہ شیئر کیا جس نے ان کی زندگی کا رخ موڑ دیا۔ ’’میں ایک پرائیویٹ شو کر رہا تھا جب نشے میں دھت مہمان نے اسٹیج پر آ کر میرا گریبان پکڑ کر مجھے تھپڑ مارا۔ میرا مائیک زمین پر گر گیا۔ میرے ساتھی اسے مارنے کیلئے تیار تھے، مگر میں نے منع کر دیا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ میں شادیوں میں پرفارم نہیں کروں گا۔‘‘ اس واقعہ کے بعد سدیش نے اپنا گھر بیچ کر تمام قرض اتار دیئے اور اپنی شناخت بنانے کا ارادہ کیا۔ پھر مجھے ایک کامیڈی شو ملا جو زبردست ہٹ ہوا، اور میں نے کئی ممالک کا سفر کیا۔ سدیش نے اپنے کامیابی کے سفر پر بات کرتے ہوئے مشہور اداکارہ ارچنا پورن سنگھ پر مزاحیہ انداز میں طنز بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سب لوگ مجھ پر ہنس رہے تھے، تو میری زندگی برباد ہو گئی، لیکن جب ارچنا پورن سنگھ مجھ پر ہنسی، تب میں نے کئی گھر بنا لیے! سدیش نے انکشاف کیا کہ وہ کبھی اسکول نہیں گئے۔ لیکن حال ہی میں ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران اسکول جانے کا موقع ملا۔ سدیش نے اپنی شادی کی کہانی بھی سنائی۔ ’’میری شادی طے پا چکی تھی، مگر تاخیر ہورہی تھی۔ میں نے ایک دن تنگ آ کر کہا، ابھی شادی کرو، ورنہ نہیں کروں گا۔ یہ بات صبح 10 بجے ہوئی اور دوپہر 12 بجے میں شادی شدہ تھا۔