دو ماہ سے راستہ مسدود ، حالات لاک ڈاؤن سے زیادہ تکلیف دہ ، مقامی تاجرین کی شکایات
حیدرآباد۔ شہر کی مصروف ترین سڑک سدی عنبر بازار پر نالے کی توسیع کے کاموں سے اس اہم سڑک کو بند رکھا گیا جس کے سبب نہ صرف یہاں سے گذرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ یہاں موجود تجارتی اداروں کو بھی پریشانی ہو رہی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے لاک ڈاؤن کے دوران بیگم بازار پولیس اسٹیشن سے متصل نالے کی توسیع کا آغاز کرکے اعلان کیا تھا کہ اس کیلئے 15 یوم تک سڑک بند رہے گی لیکن کاموں کے آغاز کے بعد اس مدت میں توسیع کرکے یہ اعلان کیا گیا کہ اس سڑک کو اندرون ایک ماہ کھول دیا جائے گا لیکن قریب دو ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود اس سڑک کو نہ کھولے جانے کے سبب شہریوں کو مشکلات ہیں اور اس بند سڑک پر تجارتی اداروں کو معاشی بحران کی صورتحال کا سامنا ہے۔ مقامی تاجرین نے بتایا کہ سڑک کو بند کرنے سے قبل جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے تاجرین کی مشکلات کا کوئی جائزہ نہیں لیا بلکہ نالے کی توسیع کے نام پر ان کیلئے جو مشکلات پیدا کی گئیں وہ لاک ڈاؤن کے حالات سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ تاجرین نے بتایا کہ ان کو کاروباری اداروں کو کھولنے کی اجازت حاصل ہے لیکن وہ اداروں کو کھول کر کیا کریں گے جب راستہ مسدود کردیا گیا ہے۔ بلدیہ عہدیداروں نے بتایا کہ نالے کی توسیع اور اس میں پانی کے بہاؤ بہتر بنانے یہ کام انجام دیئے جارہے ہیں اور ان کی تکمیل کیلئے جو مدت کا تخمینہ لگایا گیا تھا اس سے کچھ زیادہ وقت لگنے کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔عہدیدارو ںکا کہناہے کہ آئندہ 15تا20 یوم میں ان کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اورتوقع ہے کہ ان کی تکمیل کے بعد بارش کے دوران اس حصہ میں پانی جمع ہونے کے علاوہ نالہ کے ابلنے کی شکایات ختم ہوجائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے اس بند سڑک کو جلد کھولنے بلدیہ کے عہدیداروں کو متوجہ کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور جلد سڑک کی کشادگی عمل میں لائی جائے۔