سدی پیٹ آئی ٹی ٹاورکے نوجوان سے ملاقات

   

آئی ٹی ٹاور میں دستیاب سہولتوں سے متعلق ہریش رائوکی بات چیت

سدی پیٹ، 11 فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سدی پیٹ میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے کے سی آر کی قیادت میں گزشتہ حکومت کے دوران آئی ٹی ٹاور قائم کیا گیا تھا، یہ بات سابق وزیر و رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہی۔سدی پیٹ آئی ٹی ٹاور کا دورہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے گفتگو کی اور آئی ٹی ٹاور میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعض مسائل کو نوجوانوں نے ان کی توجہ میں لایا، جس پر انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے بات کر کے فوری حل نکالا۔انہوں نے کہا کہ جہاں آپ نے تعلیم حاصل کی ہے وہیں روزگار حاصل کرنے کی آپ کی خواہش اور آئی ٹی شعبے میں کام کرنے کے عزم کو پورا کرنے کے لیے سدی پیٹ میں آئی ٹی ٹاور قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ آئی ٹی ٹاور میں اس وقت 17 کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور تقریباً 350 نوجوانوں کو روزگار حاصل ہے۔ مزید برآں سدی پیٹ میں ٹاسک ٹریننگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں مسلسل تربیت دی جا رہی ہے، اور مقامی نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس تربیت سے بھرپور استفادہ کریں۔آئی ٹی ٹاور میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سکیورٹی اور دیگر عملے کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ اس پر انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر انہوں نے آئی ٹی ٹاور کی چاروں منزلوں کا معائنہ بھی کیا بعد ازاں ہریش راؤ کوتھا پربھاکر ریڈی کے ہمراہ رنگنائک اریگیشن دفتر پہنچے ملنا ساگر سے پانی کی اجرائی کے لیے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔حال ہی میں کسانوں نے ہریش راؤ اور ایم ایل اے پربھاکر ریڈی سے ملاقات کر کے پانی چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔کسانوں کے احتجاج اور تشویش کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پانی چھوڑنے کے لیے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ان کی ہدایت پر ملنا ساگر سے مرکزی نہر میں پانی چھوڑ دیا گیا۔