سدی پیٹ3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر، کلکٹر پرشانت جے پاٹل نے تلنگانہ اسمبلی کے عام انتخابات کے عمل کے ایک حصہ کے طور پر مربوط ڈسٹرکٹ آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے ارکان سے حلقہ دوباک کے 3 پولنگ سٹیشنوں اور حلقہ گجویل کے 10 پولنگ سٹیشنوں کے ناموں میں تبدیلی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ای سی آئی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ووٹر لسٹ جلد فراہم کرنے کا تیقن بھی دیا ہے۔ سویدھا ایپ میں کسی تکنیکی خرابی کی صورت میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ہدایت دی کہ حلقہ کے آر او سے براہ راست رابطہ کریں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی عمل کے دوران سیاسی جماعتوں کی مختلف سرگرمیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے معذور اور 80 سال کے افراد فارم نمبر 12 ڈی کے ذریعے درخواست پیش کریں۔ اس میٹنگ میں دوباک اور حسن آباد کے آر وی اوز گریما اگروال، بین شالم، سیاسی جماعتوں کے نمائندے، بی آر ایس پارٹی کے نمائندے جے۔ موہن لال، بی جے پی پارٹی کے نمائندے بوگی سرینواس، ایم آئی ایم پارٹی کے نمائندے ایم ڈی منیر، انڈین نیشنل کانگریس کے نمائندے جی مادھو اور دیگر نے شرکت کی۔ اسی طرح سدی پیٹ پولیس کمشنر این۔ شویتا، آئی پی ایس نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے سیاسی جماعتوں کے کچھ نوجوان کارکن سیاسی اشتعال انگیزی کے لیے سوشل میڈیا پلاٹ فارم جیسے واٹس ایپ، فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام، ٹیلی گرام، یوٹیوب و دیگر پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے نفرت پھیلانے والے اور عوامی امن میں خلل ڈالنے والے کام کررہے تھے۔ ان کے خلاف سدی پیٹ کمشنریٹ نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عوام، نوجوان، عوامی نمائندے، سیاسی جماعتوں کے کارکن سوشل میڈیا پر تصاویر تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر اس طرح ڈال رہے ہیں کہ لوگوں کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کرکے مناسب کارروائی کی جائیگی جن لوگوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹی اور نفرت انگیز پوسٹس پوسٹ یا شیئر کی ہیں اسکی اطلاع سدی پیٹ پولیس کمشنر کے کنٹرول روم کے واٹس ایپ نمبر 8712667100 پر بھیجی جا سکتی ہے۔ اطلاع دینے والوں کے نام راز میں رکھے جائیں گے۔