بی آر ایس کے کامیابی والے حلقوں پر بھر پور توجہ ، حکومت کی متعصبانہ پالیسی
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سدی پیٹ انفارمیشن ٹکنالوجی مرکز کے قیام اور آئی ٹی ٹاؤر میں خدمات کی انجام دہی کے لئے ملازمتوں کی فراہمی کے بعد اب نظام آباد آئی ٹی ٹاؤر میں روزگار کی فراہمی کے اقدامات بھی کردیئے گئے لیکن شہر حیدرآباد میں ملک پیٹ آئی ٹی ٹاؤر کا سنگ بنیاد بھی اب تک ممکن نہیں بنایا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر کی ترقی اور پرانے شہر کے نوجوانوں کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے اور ان علاقوں میں عوام کو گمراہ کرنے کے لئے آئی ٹی ہب اور ملازمتوں کی فراہمی کے دعوے کئے جا رہے ہیں جہاں سے بی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ برسر اقتدار جماعت نے ملک پیٹ میں آئی ٹی ٹاؤر کے قیام کے سلسلہ میں سال 2017 میں پہلی مرتبہ باضابطہ اعلان کیا تھا لیکن سال 2021میں اس منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے اس آئی ٹی ٹاؤر کے لئے 1032 کروڑ کی لاگت سے 10ایکڑ 35 گنٹے پر محیط کامپلکس کی تعمیر کے متعلق اقدامات کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال اس پراجکٹ کے ٹنڈر کو قطعیت نہیں دی جاسکی ہے جبکہ ضلع سدی پیٹ میں ریاستی حکومت کی جانب سے آئی ٹی ٹاؤر کی تعمیر اور افتتاح بھی عمل میں لایا جاچکا ہے اور اس آئی ٹی ٹاؤر میں خدمات انجام دینے کے لئے عملہ کے تقرر کے اقدامات بھی کئے جاچکے ہیں اسی طرح آج ضلع نظام آباد میں ریاستی حکومت کی جانب سے آئی ٹی ٹاؤر میں خدمات انجام دینے والی کمپنیوں میں ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے لیکن اب تک بھی ملک پیٹ آئی ٹی ٹاؤر کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جو کہ پرانے شہر کو نظرانداز کرنے کی ایک اور مثال ہے ۔ تلنگانہ راشٹرسمیتی نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی کے لئے چنچل گوڑہ جیل کی شہرکے باہر منتقلی اور ملک پیٹ ریس کورس کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ چنچل گوڑہ جیل کی جگہ پرانے شہر کے طلبہ کے لئے کے جی تا پی جی تعلیم کے انتظامات کو یقینی بنایاجائے گا لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے 9 سال کے دوران ا س سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی جبکہ اضلاع میں جہاں بی آ رایس کی کامیابی کے امکانات ہیں یا انہیں کوئی سیاسی مقابلہ درپیش ہیں ان علاقوں میں تیزرفتار ترقیاتی کام انجام دیئے جا رہے ہیں۔اس کے برعکس پرانے شہر کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہاہے ۔م