سدی پیٹ ۔3 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہریان سدی پیٹ کے دیرینہ خواب کی تکمیل ہوئی۔ وزیر خزانہ و صحت ٹی ہریش راؤ نے ہزاروں کارکنوں کے ہمراہ سدی پیٹ ریلوے اسٹیشن سے افتتاح عمل میں لایا۔ سدی پیٹ علاقہ کے لوگوں کی خواہش جس کا کئی دہائیوں سے انتظار تھا، دوپہر کی ساعتوں میں تقریباً 3 بجے پوری ہوئی۔ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد سے ٹرین کا سفر صرف 60 روپے میں طے پایا ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ کا نام ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے نقشے میں شامل کیا گیا ہے۔ کل تک جو سکندر آباد اور قاضی پیٹ کا رُخ کیا کرتے تھے لیکن آج سے خود سدی پیٹ سے ٹرین میں سفر کرنے کی ہماری خوش قسمتی کی پہل کی وجہ سے ہوئی۔ نئی ریلوے لائن ہونے کی وجہ سے پہلے اس روٹ پر ڈیزل سے چلنے والی ٹرینوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ بجلی کی لائن چند دنوں میں دستیاب ہو جائے گی۔ اس سے ٹرین کی رفتار کی حد بڑھ جائے گی۔ فی الحال، سکندرآباد تک ٹرین کے سفر میں 3 گھنٹے درکار ہیں۔ سدی پیٹ ریلوے اسٹیشن پر تمام انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔اس موقع پر وزیر ہریش راؤ، ایم پی کوتتہ پربھاکر ریڈی اور ایم ایل سی دیسپاتھی سرینواس نے سدی پیٹ تا دودیڑہ تک بذریعہ ٹرین سفر کیا۔