سدی پیٹ سماجی خدمت کا مثالی مرکز: ہریش راؤ

   

سدی پیٹ۔ 14؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے مختلف دیہاتوں میں ڈونٹرس کے تعاون سے 18 فریجس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر سابق وزیر و رکن اسمبلی مسٹر ہریش راؤ، ایم ایل سی دیشپتی سرینواس اور سابق ایم ایل سی فاروق حسین نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ سماجی خدمت اور انسانیت نوازی کا ایک مثالی مرکز ہے۔فاروق حسین صاحب کی یہ خدمت واقعی لائقِ ستائش ہے۔انسان کہلانے کے لیے سماج کے تئیں ذمہ داری ضروری ہے۔ دولت، جائیداد اور تعلیم کے ساتھ ساتھ تہذیب بھی ہونی چاہیے۔تہذیب سے ہی انسان کو سماج میں پہچان ملتی ہے۔خدمت اور مدد کا جذبہ نہ ہو تو انسان اور جانور میں کوئی فرق نہیں۔جس حد تک ممکن ہو مصیبت زدہ لوگوں کی زبانی اور مالی مدد کرنی چاہیے، اسی سے سماج مضبوط ہوتا ہے۔ اپنی اولاد کے لیے سب سے بڑی وراثت یہی خدمت کا جذبہ ہے۔ چین اور جاپان جیسے ممالک میں بچوں کی پیدائش کے لیے خصوصی اسکیمیں نافذ کی جارہی ہیں۔ ماضی میں خاندانی منصوبہ بندی پر زور دیا جاتا تھا، لیکن آج حالات بدل گئے ہیں۔ جنوبی ریاستوں میں زیادہ بچے پیدا کرنے کی تلقین کی جارہی ہے۔پہلے خاندان میں 8 اور 9 بچے پیدا ہوتے تھے، اب “ہم دونوں، ہمارے دو” کہا جارہا ہے۔ آنے والے وقت میں اگر حکومتیں کم از کم تین بچے پیدا کرنے کی اسکیمیں لائیں تو تعجب کی بات نہیں۔زندگی سائیکل کی مانند ہے، جو ہمیشہ تبدیلی کا تقاضہ کرتی ہے۔بی آر ایس حکومت کے دور میں ویکنٹھ دھام تعمیر کیے گئے۔ کئی دیہات میں ویکنٹھ رتھ بھی فراہم کیے گئے۔ اس نیک کام میں تعاون کرنے والے تمام کا شکریہ ادا کیا۔