حیدرآباد ۔ تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں ریچھ نے ہلچل مچادی۔ضلع کے حُسن آباد منڈل کے پوتارم دیہات میں اچانک یہ جنگلی جانور نظر آیا جس پر مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے ۔ان افراد نے دیکھا کہ یہ ریچھ جھاڑوں پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جارہا ہے اور زمین پر بھی آرام سے گھوم رہا ہے جس پر ان افراد نے لاٹھیوں سے اس کو ڈرانے کی کوشش کی جو رائیگاں ثابت ہوئی۔بعد ازاں مقامی افراد نے پٹاخے چھوڑتے ہوئے اس کو گاوں سے واپس جانے کے لئے مجبور کردیا۔اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جن کا کہنا ہے کہ گاوں میں اس موذی جانور کے گھس آنے کی اطلاع کئی مرتبہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو دی گئی تاہم انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔بتایاجاتا ہے کہ جنگل کے علاقہ سے یہ ریچھ انسانی آبادی میں گھس آیا۔مقامی افراد اس کے پیچھے دوڑ پڑے ۔کئی افراد نے اس کی ویڈیو بھی بناکر سوشیل میڈیا کے مختلف گروپس میں پوسٹ کردیا۔