سدی پیٹ میڈیکل کالج میں تلنگانہ کے شہید نوجوان کو خراج

   

Ferty9 Clinic

ریاستی وزیر ہریش راؤ نے پورٹریٹ پرپھول مالائیں پیش کی
سدی پیٹ۔/18 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر سدی پیٹ کے انسان پلی موضع کے حدود میں واقع میڈیکل کالج میں آج وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ نے ویر جوان کے سنتوش بابو کی تصویر پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر ہریش راؤ نے جوان سنتوش کی وطن کیلئے جان عزیز کی قربانی کو ناقابل فراموش قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحد پر اپنوں سے دور موسم کی سختیاں برداشت کرتے ہوئے جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی حفاظت کیلئے نہ صرف برسوں خدمات انجام دی بلکہ بالآخر اپنی جان تک قربان کردی۔ ملک ایسے شہید جوان کو سلام کرتا ہے۔ دریں اثناء وزیر کے علاوہ میڈیکل کالج کی پرنسپل تمل آروسوا ، سپرنٹنڈنٹ چندریا، عملہ نے بھی بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں کالج ہذا میں نو تقرر شدہ 289 اسٹاف نرسیس جی این ایم کو ریاستی وزیر ہریش راؤ کے ہاتھوں تقرر نامے عطاء کئے گئے۔ انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے تمام سرکاری دواخانوں میں ہر وقت مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے نہ صرف عملہ کا اضافہ کیا بلکہ ایمرجنسی خدمات کو بحال رکھا۔ اس کے لئے خود بہ نفس نفیس حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں طبی عملہ متحرک ہے۔ ادویات کے علاوہ ضروری اشیاء دواخانہ ہذا میں مہیا کئے جارہے ہیں۔

پداپلی ضلع کو مزید 2 قومی ایوارڈز کا اعزاز
پداپلی۔18۔جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پداپلی ضلع نے صفائی کے معاملے میں مزید 2 قومی ایوارڈز حاصل کئے ہیں. یہ بات واضح رہے کہ صفائی کے موثر انتظام میں ضلع پداپلی ملک کے لئے مثالی ضلع ثابت ہوا ہے. سلطانہ آباد منڈل پریشد کو عام زمرہ میں دین دیال اوپادھیائے پنچایت سشکتی کرن ایوارڈ اور شری رامپور منڈل کے کِشٹم پیٹ گرام پنچایت کو عام زمرہ میں دین دیال اوپادھیائے پنچایت سشکتی کرن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے. مذکورہ ایوارڈ یافتہ منڈلوں،گرام پنچایتوں ، اس خصوص میں کوشاں عہدیداروں’ عوامی نمائندوں اور عوام کی ضلع کلکٹر نے ستائش کی۔