ملک کی 3 فیصد آبادی والی تلنگانہ ریاست 30 فیصد ایوارڈس حاصل کررہی ہے
حیدرآباد: 15 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے سدی پیٹ میں آئی ٹی ہب قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سدی پیٹ کے مضافات میں آئی ٹی ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش رائو، سابق رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین کے علاوہ دوسرے قائدین اور عہدیدار موجود تھے۔ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے ساتھ ساتھ ریاست کے اضلاع ہیڈکوارٹرس اور دوسرے درجے کے شہروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا کرنے کا خصوصی منصوبہ تیار کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کام کررہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے متاثر ہوکر نیشنل ملٹی نیشنل کمپنیاں تلنگانہ کا رخ کررہی ہیں جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہورہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی وجہ سے سدی پیٹ ضلع نیا ہے۔ سدی پیٹ کی ترقی پہلے چیف منسٹر کے سی آر نے مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ آئی ٹی ٹاور کے افتتاح سے سدی پیٹ میں 1500 افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ آئی ٹی ٹاور کے افتتاح کے دن ہی کئی کمپنیوں نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے۔ آئی ٹی ہب کو مزید فنڈز جاری کرتے ہوئے توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے موقع پر آئی ٹی برآمدات صرف 56 ہزار کرور روپئے تھی جو اب بڑھ کر 2.41 لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ تلنگانہ کی ترقی ملک کے لیے مثالی ہے۔ ملک کی 3 فیصد آبادی رکھنے والی تلنگانہ ریاست کو 30 فیصد ایوارڈس حاصل ہورہے ہیں۔ ہریتا ہارم پروگرام کے ذریعہ ریاست کی سرسبز و شادابی کو 7.7 فیصد توسیع دی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 3 ایکر اراضی پر 63 کروڑ روپئے کے مصارف سے جی پلس 4 منزلہ آئی ٹی ٹاور تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 10 ڈسمبر 2020ء کو اس ٹاور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس دن کئی آئی ٹی کمپنیوں سے معاہدے بھی کئے گئے تھے۔ن