سدی پیٹ۔ سدی پیٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود کے تقریباً 20 مواضعات میں گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں ، آرگنائزرس اور دیگر مذہبی رہنماؤں کے ہمراہ ایڈیشنل ڈی سی پی رامیشور، تھری ٹاون سی آئی پروین کمار کی قیادت میں بھیری انجیا فنکشن ہال میں ایک امن اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مذکورہ تمام ذمہ داروں سے ڈی سی پی اور سی آئی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گنیش تقاریب جو کہ 9 اور 11 دن کے لئے جاری ہے اس دوران محکمہ پولیس کی ہدایت کے مطابق تقریب کو انجام دیں۔ لاؤڈ اسپیکر صبح 6 تا10 بجے تک لگائیں ونیز عوام کی آمد و رفت کا مکمل خیال رکھیں، کسی بھی طبقہ سے نہ الجھیں، کسی بھی ناگہانی و ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے نہ دیں۔ کسی بھی مسئلہ پر پولیس کو اطلاع دیں جو کہ 24×7 دن خدمات پر مامور رہے گی۔ علاوہ اس کے تقریب کے ایام مکمل ہونے کے بعد گنیش نمرجن کو دوپہر 3 بجے تا 10 بجے تک مکمل کریں۔ نمرجن کے دوران مکمل امن و شانتی کو ملحوظ رکھیں۔
