سدی پیٹ ۔ 6 ؍ اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بارش کے باعث املی کے درخت کے سایہ میں سہارا لینے والے تین افراد پر یکایک بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب IIٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود سدی پیٹ میں واقع چنتل تالاب کے کنارے سے گذرنے والے محلہ ہنومان نگر کے تین افراد بلقم سرینواس عمر 34 سال ‘ واناراشی بالراج عمر 36 سال ‘ چنوری ساریا بارش شروع ہونے کے سبب پاس کے املی کے درخت کے سایہ میں جا ٹہرے تھے کہ وہاں بجلی گرنے کے باعث دو افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ جبکہ ساریا کو زخمی حالت میں 108 ایمبولنس کے ذریعہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پا کر وزیر خزانہ مسٹر ٹی ہریش راو ہاسپٹل پہنچ کر زخمی کی عیادت کی اور اس ناگہانی حادثہ پر اپنے گہرے رنج و صدمہ کا اظہار کیا ۔ اور متوفی خاندان کو حکومت کی جانب سے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ۔ نیز زخمی شخص کو بہترین سے بہترین علاج و معالجہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اگر ضرورت پڑنے پر حیدرآباد علاج کے لئے روانہ کر دینے کو کہا ۔ قبل ازیں مقام حادثہ پر ایڈیشنل ڈی سی پی لا اینڈ آرڈر جی نرسمہن‘ II ٹاؤن سی آئی انجانیلو نے جائزہ لیا ۔