ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح ، وزیر خزانہ و دیگر کی شرکت
سدی پیٹ : مارکوک منڈل مستقر ضلع سدی پیٹ میں 14 کروڑ 96 لاکھ کی بھاری لاگت سے تعمیر کیا گیا ماڈل پولیس اسٹیشن بھون کا آج وزیر داخلہ محمد محمود علی نے افتتاح انجام دیا ۔ اس افتتاحی تقریب میں ان کے ہمراہ وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ ، ریاستی ایس سی ، ایس ٹی کمیشن چیرمین پرولا سرینواس ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، پولیس ہاؤزنگ چیرمین دامودر ، ضلع پریشد چیرمین روجا رادھا کرشنا شرما ، ایف ڈی سی چیرمین ای پرتاپ ریڈی ، ضلع کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمود علی ، وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے ساتھ ہی ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کو مستحکم و کارگر بنایا گیا ۔ محکمہ میں 6لاکھ 50 ہزار سی سی کیمرے نصب کرنے میں ملک بھر میں سرفہرست ہیں ۔ علاوہ اس کے محکمہ کی عمدہ و بہترین کارکردگی کے باعث حیدرآباد شہر کو ISO سرٹیفیکٹ حصول ہوا ۔ محکمہ پولیس میں آن لائن خدمات کی انجام دہی عمل میں لائی جارہی ہیں ۔ شی ٹیم کے ذریعہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ سی سی کیمروں کی مدد سے حقائق کا پتہ حاصل کیا جارہا ہے و نیز جرائم کی روک تھام کیلئے یہ کیمرے کافی ممدو معاون ثابت ہورہے ہیں ۔ تاہم پولیس عملہ اپنی ذمہ داریوں کے تئیں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ غرض کہ ریاستی پولیس ملک کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھری ہیں ۔ کوئی بھی مصیبت زدہ فرد 100 پر ڈائیل کرنے پر اندرون 4 تا 5 منٹ میں پولیس مقام پر پہنچ رہی ہیں ۔ فرینڈلی پولیس کے طور پر محکمہ علاقہ میں امن کی فضاء برقرار رکھی ہوئی ہے ۔