تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی، 3 افراد ہلاک ، پولیس عہدیداروں کے بشمول 12شدید زخمی
سدی پیٹ : ضلع مستقر سدی پیٹ کے حدود میں ایک تیز رفتار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی ۔ کار میں سوار 3 افراد جائے مقام پر ہی فوت ہوگئے ۔ پولیس عملہ حادثہ کے مقام پر راحتی کام انجام دینے کے دوران عین اس وقت کریم نگر سے آنے والی ڈی سی ایم اس مقام پر موجود عوام کے درمیان گھس گئی ۔ سی آئی اور کانسٹبلس کے ہمراہ 9 افراد زخمی ۔ تفصیلات کے بموجب حلقہ حضورآباد ضلع کریم نگر کا متوطن راجی ریڈی نامی اپنی بیوی کے ہمراہ سفر کے دوران اچانک کار کو ڈیوائیڈر سے ٹکرا دیا ، جس کے باعث وہ جائے مقام پر ہی فوت ہوگئے ۔ حیرت کرنے والی بات یہ ہے کہ اس حادثہ کے مقام پر پولیس عملہ اور عوام جائزہ و مشاہدہ و راحتی کام انجام دیتے وقت ایک تیز رفتار ڈی سی ایم ہجوم میں گھس گئی جس کے باعث مزید2 افراد فوت ہوگئے ۔ اس طرح زائد از 12 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ کمشنر آف پولیس سدی پیٹ مسٹر جوئیل ڈیوس اے سی پی رامیشور کے ہمراہ فوراً جائے مقام پہنچ کر جائزہ لیا اور زخمیوں کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا ۔