سدی پیٹ میں غیرقانونی حمل و نقل کے لئے چیک پوسٹ کا قیام

   

سدی پیٹ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بقرعید تہوار کے پیشِ نظر جانوروں کی غیر قانونی نقل و حمل کو کنٹرول کرنے کے لیے رنگدھامپلی چوراہے پر قائم کردہ چیک پوسٹ کا معائنہ کمشنر پولیس ڈاکٹر بی. انورادھا، آئی پی ایس میڈم نے کیا۔ انہوں نے چیک پوسٹ پر تعینات عملے کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی سے کام لیں اور گاڑیوں کی مکمل تلاشی لیں۔ رات کے وقت لازماً ٹارچ لائٹس استعمال کرنے کی تاکید کی گئی۔ اس موقع پر کمشنر پولیس محترمہ نے کہا کہ ضلع کے سرحدی علاقوں میں جانوروں کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے سدی پیٹ پولیس کمشنریٹ کے دائرے میں سات چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ان چیک پوسٹس پر 24×7 نگرانی کے تحت پولیس اور محکمہ پشو پالن کے عملے کی مختلف شفٹوں میں ہم آہنگی کے ساتھ ڈیوٹیاں انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی امن و امان کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کے تحت جانوروں کی نقل و حمل کے دوران تنازعات سے بچنے کے لیے خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔ خاص طور پر جانوروں کی غیر قانونی نقل و حمل اور گؤ کشی جیسے معاملات میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے زور دے کر کہا کہ بقرعید تہوار کے پیش نظر جانوروں کی نقل و حمل کے دوران ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، اور جو لوگ غیر قانونی طور پر گائیں یا بچھڑوں کو منتقل کر رہے ہیں ان پر قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی نقل و حمل کرنے والی ہر گاڑی کے پاس مکمل قانونی دستاویزات موجود ہونا ضروری ہے۔ سرحدی ریاستوں سے آنے والے جانوروں کے سلسلے میں بھی تمام قواعد و ضوابط کی سختی سے جانچ کی جائے اور صرف درست دستاویزات رکھنے والوں کو ہی اجازت دی جائے۔ بصورتِ دیگر، غیر قانونی نقل و حمل پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے مزید کہا کہ تہواروں کے موسم میں کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور غیر اخلاقی پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ ضلع میں قائم کردہ چیک پوسٹس کی تفصیلات یوں ہے رنگدھامپلی ایکس روڈ ، سدی پیٹ رورل پولیس اسٹیشن چوراہا ، اننتاساگر اکبر پیٹ ایکس روڈ ، انبھیری چیک پوسٹ، حسنا آباد گرجہ کنٹہ کراس روڈ ، ونٹی مامیڈی چوراہا اس پروگرام میں تھری ٹاؤن انسپکٹر ودیا ساگر، ایس بی انسپکٹر شری دھر گوڑ، کورٹ مانیٹر ایس آئی راجیش، اور پولیس عملے کے دیگر افراد نے شرکت کی۔