سدی پیٹ،17 دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اس ماہ 18 دسمبر سے شروع ہونے والی کوڑھ (لیپروسی) کے مریضوں کی شناختی مہم کے بارے میں ضلع طبی و صحت افسر ڈاکٹر دھن راج نے بتایا کہ ملک میں 2030 تک کوڑھ کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی عملی منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے تحت پندرہ دنوں تک مریضوں کی شناختی مہم کو مؤثر اور منظم طریقے سے انجام دینے اور مقررہ اہداف کو مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ضلع لیپروسی پروگرام آفیسر ڈاکٹر نرملہ نے کوڑھ کی بیماری کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بیماری مائیکرو بیکٹیریم لیپری نامی جرثومے کے ذریعے پھیلتی ہے۔ یہ بیماری جلد اور اعصاب کو متاثر کرتی ہے۔ یہ ایک عام متعدی بیماری ہے اور موروثی طور پر منتقل نہیں ہوتی۔اس مہم کے بارے میں مزید بتایا گیا کہ سِدّی پیٹ ضلع کے تمام دیہات میں 14 دنوں تک کوڑھ کے مریضوں کی شناختی مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم میں 273 ہیلتھ سپروائزرز کی نگرانی میں 822 آشا کارکنان گھر گھر جا کر سروے کریں گے۔ جن افراد کے جسم پر بے حسی کے دھبے، ہاتھ پاؤں میں سن ہونا یا جھنجھناہٹ، بے حسی یا درد کے بغیر نہ بھرنے والے زخم ہوں گے، ان سب کا اندراج کر کے جانچ کے لیے متعلقہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل آفیسر کے پاس بھیجا جائے گا۔ بیماری کی تشخیص کے مطابق ادویات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کثیر الادویاتی علاج (Multi Drug Therapy) کے ذریعے یہ بیماری 6 یا 12 ماہ میں مکمل طور پر ٹھیک ہو جاتی ہے۔ یہ ادویات تمام پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں دستیاب ہیں۔
اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو جسمانی معذوری بھی پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے کسی قسم کی غلط فہمیوں کا شکار نہ ہوں۔
