سدی پیٹ میں پائپ کے ذریعہ پکوان گیس کی عنقریب سربراہی

   

ریاست کے ہر خاندان کو امکنہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ، مہیلا بھون کی سنگ بنیاد تقریب سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔30جنوری(سیا ست نیوز) سدی پیٹ میں پائپ کے ذریعہ گیس کی سربراہی کے عمل کا جلد آغاز کیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ سدی پیٹ میں پینے کے پانی کی طرح پائپ لائن کے ذریعہ پکوان گیس کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات بہت جلد مکمل ہوجائیں گے اور سدی پیٹ کے مکینوں کو اب گیس سلنڈر کا انتظار کرنا نہیں پڑے گا۔ مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پائپ لائن کی تنصیب کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور دیگر امور بھی انجام دیئے جانے لگے ہیں لیکن تمام امور کی تکمیل کے بعد ہی گیس کی پائپ لائن کے ذریعہ سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے تلنگانہ کو فلاحی ریاست بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کا موں کا سلسلہ جاری ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم فلیٹ کی اسکیم سے لاکھوں خاندان مستفید ہوں گے۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم فلیٹ اسکیم کو روشناس کروانے کا مقصد ریاست میںہر خاندان کو امکنہ کی فراہمی ہے اور حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع میں تیزی سے ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔مسٹر ٹی ہریش راؤ یادو بھون اور مہیلا بھون کی تعمیر کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہو ںنے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام طبقات کی یکساں اور مساوی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسی بھی طبقہ کو مایوس نہیں کیا جا رہاہے۔ حکومت نے ریاست میںاعلی اور معیاری تعلیم کے آغاز کو یقینی بنانے کے علاوہ ریاست میں اقامتی اسکولوں کے قیام اور تعمیر کے ذریعہ رہائش اور تعلیم کی سہولت فراہم کی ۔انہو ں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ ںمیں تعمیری و ترقیاتی کاموں کے ساتھ فلاحی کاموں کا بھی سلسلہ جاری ہے اور حکومت کی جانب سے جو اسکیمات چلائی جا رہی ہیں ان اسکیمات کے ذریعہ عوام کی معاشی ترقی اور تعلیم کی فراہمی کے ذریعہ تعلیمی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے سبب ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں سرفہرست فلاحی ریاست کا موقف حاصل ہورہا ہے اور دیگر ریاستوںکی جانب سے تلنگانہ کی اسکیمات کا مطالعہ کرتے ہوئے انہیں اختیار کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔