سدی پیٹ میں گاؤکشی معاملہ، 8 افراد گرفتار

   


قانون شکنی ناقابل برداشت : ہریش راؤ، امن برقرار رکھنے عوام سے کمشنر پولیس کی اپیل

سدی پیٹ : سدی پیٹ میں سر سلہ روڈ بائی پاس پر واقع اینٹ کی بھٹی میں موجود شیڈ میں گائے کشی کا ویڈیو گشت کررہا تھا پولیس نے بروقت حرکت میں آتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا اور گاو کشی کے جرم، جانوروں پر ظلم و ستم کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ تفصیلات کے بموجب محمد زبیر ولد شفیع الدین عمر 45 سال، ساکن نصیر نگر سدی پیٹ ، محمد خواجہ ولد بابو میاں، عمر 35سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ،محمد صدام ولد محبوب صاحب، عمر 30 سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ، محمد عرفات ولد عثمان عمر 24سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ،محمد رحیم ولد محبوب، عمر 32 سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ،محمد ارشد ولد حسین، عمر 25سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ، محمد اشرف ولد ابراہیم، عمر 30سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ، محمد جاوید ولد عبد الباسط، عمر 30 سال، ساکن ساجد پورہ سدی پیٹ ملزمین میں شامل ہیں۔ پولیس کمشنر شری ڈی جوئیل ڈیوس آئی پی ایس کی ہدایت پر اے سی پی رامیشور کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو اندورن 6 گھٹنوں میں تمام 8 ملزمین کو پکڑنے میں کامیاب رہی۔ مذکورہ افراد کا بیان قلمبند کیا گیا انکے اقبال جرم کے بعد مجرمین کو آج صبح فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جہاں مجرمین کو 14 دن عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا اور مجرمین کو سنگاریڈی منتقل کردیا گیا۔ کمشنر شری ڈی جوئیل ڈیوس آئی پی ایس نے اپنے صحافتی بیان مین کہا کہ عوام امن و امان کو برقرار رکھیں کسی بھی ناخوشگوار واقعات کی رونمائی پر محکمہ پولیس کو اطلاع دیں۔ وزیر خزانہ ٹی ہریش راو نے اپنا مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجرمین کو انکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور انھوں نے شیڈ میں موجود دیگر جانوروں کو گاؤ شالہ منتقل کروادیا۔مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی ناقابل برداشت ہے اس قسم کی حرکت میں ملوث خاطیوں کو انکے کیفرکردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔