سدی پیٹ 23 اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سدی پیٹ ون ٹاؤن پولیس انسپکٹر واسو دیو راؤ کی نگرانی میں CEIR ٹیکنالوجی کی مدد سے گم شدہ موبائل فونز برآمد کر کے متعلقہ متاثرین کے حوالے کیے گئے۔اس موقع پر انسپکٹر واسو دیو راؤ نے بتایا کہ ویمولا جنگٹی کرشنا یا اور کِمّسارم چندو نامی افراد نے تقریباً ایک ماہ قبل اپنے موبائل فونز گم ہونے کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔ ان کے فون نمبرز اور IMEI نمبرز کو CEIR (Central Equipment Identity Register) پورٹل پر اپ لوڈ کیا گیا۔ اس معلومات کی بنیاد پر پولیس نے موبائل فونز برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص اپنا فون گم کر دے یا کسی نامعلوم شخص کے ذریعے چوری ہو جائے تو وہ فوراً مرکزی حکومت کے نئے متعارف کردہ CEIR پورٹل پر مکمل تفصیلات درج کر کے اپنے فون کو بلاک کر سکتا ہے۔ اس طرح گم شدہ فون کی بازیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس پورٹل کا بھرپور استعمال کریں اور کسی سے سیکنڈ ہینڈ فون خریدنے سے گریز کریں۔